اڑان پاکستان پروگرام سے پائیدار اقتصادی ترقی، میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد اور خوشحالی کا دور شروع ہو گا، سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی، سابق صدر سارک چیمبر

128

لاہور۔1جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے10 سالہ روڈ میپ اڑان پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پائیدار اقتصادی ترقی، میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد اور خوشحالی کا دور شروع ہو گا اور ملک غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسپروگرام پر عملدرآمد سے آئندہ دہائی تک پاکستان ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا۔فائیو ایز برآمدات (ایکسپورٹس)، ایکویٹی، ای۔پاکستان،توانائی (انرجی) اور ماحولیات (انوائرنمنٹ) کا یہ روڈ میپ پائیدار ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کا ایک بصیرت افروز منصوبہ ہے جو پاکستان کی اقتصادی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات پر توجہ،برآمدی منڈیوں کو متنوع بنا کر اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں کو فروغ دے کر پاکستان کی عالمی مسابقت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔روڈ میپ کا مقصد غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانا،تجارتی خسارے کو کم کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای پاکستان،جدت اور کارکردگی کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور اس کا مقصد براڈ بینڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانا،آئی ٹی کی برآمدات کو فروغ دینا اور پاکستان کو ٹیکنالوجی اور جدت کے مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے لیے اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی میں اضافہ،درآمدات پر انحصار میں کمی اور قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی کے ذریعے پاکستان کے توانائی کے چیلنجز کو حل کیا جا سکتا ہے۔پن بجلی،سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کم لاگت اور پائیدار توانائی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ماحولیاتی پالیسی عالمی ماحولیاتی ترجیحات کے مطابق ہے۔جنگلات میں اضافہ،پانی کے تحفظ اور پائیدار زراعت کو فروغ دے کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔