اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اڑھائی سالوں میں حکومت کی کارکردگی غیر معمولی ہے، پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ پہلی بار سرپلس میں ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو دوبارہ سے اپنے پائوں پر کھڑا کیا، شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کا انعقاد بہتری کی جانب ایک قدم ہے۔ ان خیالات کا …
اڑھائی سالوں میں حکومت کی کارکردگی غیر معمولی ہے، پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ پہلی بار سرپلس میں ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی نجی ٹی وی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اڑھائی سالوں میں حکومت کی کارکردگی غیر معمولی ہے، پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ پہلی بار سرپلس میں ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو دوبارہ سے اپنے پائوں پر کھڑا کیا، شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کا انعقاد بہتری کی جانب ایک قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال میں حکومتی کارکردگی بہت کمزور تھی، جب پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آئی تو ہمیں گزشتہ حکومتوں کی جانب سے جو بتایا گیا تھا اصل حالات اس سے بہت مختلف تھے، ہمیں تباہ حال معیشت وراثت میں ملی، حکومت نے تباہ حال معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سٹاک ایکسچینج اوپر جا رہی ہے، پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ پہلی بار سرپلس میں ہے، مہنگائی کا مسئلہ ضرور موجود ہے لیکن اب حالات بہتر ہو رہے ہیں اور مہنگائی میں بھی کمی آ رہی ہے، گورننس بہتر ہو رہی ہے اور معاشی اشاریے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے بہترین اقدامات کئے، پاکستان نے کورونا کے دوران معیشت کو جس طرح ہینڈل کیا دنیا اس کی معترف ہے، وبائی صورتحال میں بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری حکومتی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ نہیں کہتا کہ سب ٹھیک ہے لیکن بہتری ہر سیکٹر میں نظر آ رہی ہے، ہم اگلے سال سے یکساں تعلیمی نظام متعارف کرنے کی پوزیشن میں ہیں، مدارس کے حوالے سے بھی اصلاحات ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس پہلے چلے جانا چاہیے تھا، (ن) لیگ کے دور حکومت میں ڈالر کو مصنوعی طور پر منجمد کیا گیا، گزشتہ حکومت نے ایل این جی کے حوالے سے 15 سال کا مہنگا معاہدہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں بہت زیادہ پیسے کا لین دین چلتا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے ووٹ کا غلط استعمال کرنے کے شبہ میں اپنے 20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال دیا تھا، حکومت انتخابات میں شفافیت لانا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شو آف ہینڈ زکے ذریعے سینٹ الیکشن کا انعقاد بہتری کی جانب ایک قدم ہے، سینٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ سے رائے مانگی ہے، سپریم کورٹ کی رائے کے بعد سینٹ الیکشن سے متعلق فیصلہ ہوگا، سپریم کورٹ کی رائے میں اگر آئینی ترمیم ضروری ہوئی تو شو آف ہینڈ زنہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ این آر او، وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ اور نئے انتخابات کے انعقاد پر کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو سکتی، اس کے علاوہ حکومت باقی سب معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے۔








