اگر ہم صحیح کیس تیار کریں تو ملک کے آدھے نہ سہی 20سے 25فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں،شیخ رشید احمد

63

لاہور۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کے روز ایف آئی اے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا، ایف آئی اے کے افسران نے وزیر داخلہ کو محکمے کے مختلف امور اورکیسز کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم صحیح کیس تیار کریں اور ہماری تحقیقات ایسی ہوں کہ ہم عدالتوں سے اپنے کیس کی منظوری کراسکیں تو ملک کے آدھے نہ سہی 20سے 25فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے میں روٹیشن پالیسی اپنائی ہے ، افسران اپنی پسند کی سیٹوںپر سالہا سال نہیں گزار سکتے بلکہ انہیں پالیسی کے مطابق تبدیل کیا جائے گا ،عید الفطر سے پہلے بہت سے افسران تبدیل ہوئے اور اب مزید افسران تبدیل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے بہت اہم ادارہ ہے بلکہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،یہ درست ہے کہ جو کیسز ہیں ان کے نتائج نہیں نکل سکے، اگر ہم صحیح شکنجہ تیارکرےں اور صحیح کیس تیار کریں جنہیں ہم عدالتوں سے منظور کر اسکیں تو ملک کے آدھے نہ سہی 20سے25فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم ونگ کی صورتحال بہت ابترہے ، میں پہلے اسلام آباد جا کر اس معاملے کو دیکھوں گا کیونکہ اس کے حوالے سے بہت زیادہ شکایات ہیں۔