وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر انتظام کام کرنے والے قومی ٹیکنالوجی فنڈ ’’اگنائٹ‘‘ کے تحت 22 اور 23 جولائی کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں انڈس آر اے ایس (روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز) ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اگنائٹ اور وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے زیراہتمام دو روزہ روبوٹکس اور خودمختار سسٹمز (آر اے ایس) ایکسپو 22 جولائی کو منعقد ہو گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر انتظام کام کرنے والے قومی ٹیکنالوجی فنڈ ’’اگنائٹ‘‘ کے تحت 22 اور 23 جولائی کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں انڈس آر اے ایس (روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز) ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دو روزہ قومی ٹیکنالوجی کا یہ ایونٹ پالیسی سازوں، دفاعی اداروں، صنعتی رہنمائوں، محققین، اکیڈمیہ، سٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، طلباء اور ٹیکنالوجی کے پیشہ ور افراد کو یکجا کرے گا تاکہ پاکستان کے روبوٹکس ایکو سسٹم کو مضبوط اور سٹریٹجک شعبوں میں خودمختار ٹیکنالوجیز کے نفاذ کو تیز کیا جا سکے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے ذرائع کے مطابق روبوٹکس اور خودمختار سسٹمز دنیا بھر کی معیشتوں کو تیزی سے نئی شکل دے رہے ہیں، یہ مینوفیکچرنگ، دفاع، زراعت، صحت کی دیکھ بھال، لاجسٹکس، نقل و حمل اور عوامی خدمات میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ انڈس آر اے ایس ایکسپو کا مقصد ایک ایسا باہمی تعاون کا پلیٹ فارم تیار کر کے پاکستان کو اس تکنیکی تبدیلی میں صف اول میں کھڑا کرنا ہے جہاں موجد، محققین اور صنعت سے وابستہ افراد مقامی حل پیش کر سکیں، علم کا تبادلہ کر سکیں اور ایسی شراکت داریاں قائم کر سکیں جو تحقیق کو عملی دنیا پر اثر انداز ہونے کے قابل بنائیں۔
ذرائع کے مطابق اس ایکسپو میں دفاعی روبوٹکس، ڈرون ٹیکنالوجیز، صنعتی آٹومیشن، بحری خودمختار سسٹمز، ایگری ٹیک (زرعی ٹیکنالوجی)، فزیکل اے آئی، انسان اور مشین کا باہمی اشتراک، اے آئی سے لیس فیصلہ سازی کے نظام اور ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپس کے حل جیسے جدید ترین شعبوں کی نمائش کی جائے گی۔ معروف یونیورسٹیاں، تحقیقی ادارے، ٹیکنالوجی کمپنیاں، سٹارٹ اپس اور پبلک سیکٹر کی تنظیمیں مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات، جدید پروٹو ٹائپس، عملی تحقیق اور لائیو ٹیکنالوجی کے مظاہرے پیش کریں گی جو جدید انجینئرنگ اور ذہین سسٹمز (Intelligent Systems) میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس ایونٹ کے اہم ترین پرکشش مقابلوں میں آر اے ایس انوویشن چیلنج اور روبو وارز مقابلہ شامل ہیں جہاں طلباء، انجینئرز اور سٹارٹ اپس صنعت کے مایہ ناز ماہرین کے پینل کے سامنے اصل روبوٹکس، ڈرون اور خودمختار سسٹمز کے حل کا عملی مظاہرہ کریں گے۔







