جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے لیے 10 اور بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے 3 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش کر دی

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک ایڈیشنل جج کی بطور مستقل جج توثیق، 10 نئے ایڈیشنل ججز اور بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے 3 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش کر دی گئی جبکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (ججز کی تقرری) رولز 2024 میں مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک ایڈیشنل جج کی بطور مستقل جج توثیق، 10 نئے ایڈیشنل ججز اور بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے 3 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش کر دی گئی جبکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (ججز کی تقرری) رولز 2024 میں مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 175 اے (2) کے تحت لاہور ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (ججز کی تقرری) رولز 2024 میں بعض مجوزہ ترامیم پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ ان تجاویز کو کمیشن کے تمام باقی اراکین، وفاقی شرعی عدالت اور تمام ہائی کورٹس کو ان کی رائے اور منظوری کے لیے بھجوایا جائے۔

کمیشن نے اکثریتی رائے سے لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی بطور مستقل جج توثیق کی سفارش کی۔اجلاس میں اکثریتی رائے سے لاہور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی سفارش کی گئی جن میں عامر اعظم ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، اسد علی باجوہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ،بیرسٹر محمد عثمان غنی راشد چیمہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،غلام سرور نہنگ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،خالد ابن عزیز ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،محمد اجمل خان زاہد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،محمد امجد پرویز ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،منور اقبال ڈوگر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،شیریں عمران ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور سید فرہاد علی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شامل ہیں ۔

جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی آسامیوں پر غور کیا اور اکثریتی رائے سے تین امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی جبکہ دو آسامیاں خالی چھوڑ دی گئیں۔بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے جن امیدواروں کی سفارش کی گئی ان میں اللہ داد روشن ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج،محمد رئوف عطا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ،عبدالقیوم لہڑی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شامل ہیں۔

 

مزید خبریں