قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس، پیمرا کو اپنے ریگولیٹری میکنزم کو مزید مضبوط بنانے اور وزارت اطلاعات کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ میڈیا اداروں کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس، پیمرا کو اپنے ریگولیٹری میکنزم کو مزید مضبوط بنانے اور وزارت اطلاعات کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ میڈیا اداروں کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے الیکٹرانک میڈیا کی بہتر نگرانی کے لئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو اپنے ریگولیٹری میکنزم کو مزید مضبوط بنانے جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ میڈیا اداروں کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی پلین بلوچ نے کی۔ کمیٹی کو پیمرا کونسلز آف کمپلینٹس اور اتھارٹی کی جانب سے اپنے ریگولیٹری مینڈیٹ کی تکمیل کے حوالے سے کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرپرسن پیمرا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) نے کمیٹی کو اتھارٹی کے امور کار، کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے، پیمرا بورڈ اور کونسلز آف کمپلینٹس کی تشکیل سے متعلق بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پیمرا ایکٹ کے تحت اتھارٹی کو الیکٹرانک میڈیا کو سہولت فراہم کرنے اور اسے ریگولیٹ کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 2023ء میں پارلیمنٹ کی جانب سے ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے پیمرا کو الیکٹرانک میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایات سننے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ ترامیم کے ذریعے اتھارٹی کے ریگولیٹری میکنزم کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ حکام نے کمیٹی کو پیمرا اور کونسلز آف کمپلینٹس میں زیر التواء اور نمٹائی گئی شکایات کی تعداد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) نے کمیٹی کو بتایا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کونسلز آف کمپلینٹس کو اپنے سامنے دائر شکایات پر فیصلے کرنے اور تعزیری اصلاحی یا دیگر مناسب اقدامات کے ذریعے انہیں نمٹانے کے لئے پیمرا اتھارٹی کو سفارشات بھیجنے کا اختیار حاصل ہے۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد اور بلوچستان کی کونسلز آف کمپلینٹس کو نوٹیفائی کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کی کونسلز آف کمپلینٹس کی تشکیل سے متعلق سمریاں پہلے ہی مجاز اتھارٹی کو منظوری کے لئے بھجوائی جا چکی ہیں۔ کمیٹی نے ٹی وی ڈراموں اور اشتہارات سے متعلق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشریات سماجی و مذہبی اقدار کے مطابق ہونی چاہئیں۔ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو یہ بھی ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کے واجبات کی ادائیگی کو میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی فراہمی سے مشروط کیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، کمیٹی اراکین سعد وسیم، ندیم عباس، آسیہ ناز تنولی، رومینہ خورشید عالم، کرن حیدر، شاہین، سحر کامران، سید امین الحق، رانا انصر، مولانا عبدالغفور حیدری (بذریعہ ویڈیو لنک) اور کرن عمران ڈار (بذریعہ ویڈیو لنک)` سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، چیئرپرسن پیمرا اور وزارت و اس کے ماتحت اداروں سمیت پیمرا کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں