لاہور ہائیکورٹ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور کی ایئرپورٹ انٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر کی بحالی کے لیے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے
ایئرپورٹ ٹیکسی ڈرائیور کی انٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر کی بحالی کی درخواست مسترد

مزید خبریں
لاہور۔3جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور کی ایئرپورٹ انٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر کی بحالی کے لیے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ایئرپورٹ کے حساس علاقے میں داخلے کی اجازت کسی شخص کا مستقل یا قانونی حق نہیں۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے اللہ بخش سمیت دیگر درخواستوں پر نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ ایئرپورٹ کے محدود اور حساس علاقے میں داخلے کی اجازت ایک ضابطہ جاتی سہولت ہے جسے ایئرپورٹ انتظامیہ قانون کے مطابق جاری، معطل یا منسوخ کر سکتی ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ منیجر نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے درخواست گزار کا انٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر بحال نہ کرنے کا فیصلہ مجموعی ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 18 کے تحت کاروبار کرنے کی آزادی مطلق نہیں بلکہ قانونی پابندیوں کے تابع ہے اور درخواست گزار کو ٹیکسی چلانے سے نہیں روکا گیا، صرف ایئرپورٹ کے حساس اور محدود علاقے تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی۔








