ایبولا کے خلاف کوششوں کو نقصان پہنچانے والی غلط معلومات کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے، عالمی ادارہ صحت
ایبولا کے خلاف کوششوں کو نقصان پہنچانے والی غلط معلومات کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے، عالمی ادارہ صحت

مزید خبریں
نیروبی۔15اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور افریقہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے افریقہ میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور علاقائی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروقت، درست اور قابلِ تصدیق معلومات کی فراہمی وائرس کی روک تھام اور عوامی سطح پر حفاظتی اقدامات مؤثر بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ورکشاپ میں عالمی ادارہ صحت کی کینیا میں نمائندہ نیما روسی بامائیلا کیمامبو نے کہا کہ وبا کے دوران درست معلومات لوگوں کو بروقت طبی امداد حاصل کرنے اور متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والوں کی نشاندہی میں مدد دیتی ہیں۔انہوں نے 6 اکتوبر کو ملک میں ایبولا کے پہلے درآمد شدہ کیس کی اطلاع عالمی ادارہ صحت کو فوری طور پر دینے پر کینیا کے حکام کی کوششوں کو سراہا۔کینیا کی وزارت صحت کے مطابق بدھ کو ایبولا کے دوسرے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
متاثرہ شخص گزشتہ ہفتے وفات پانے والے پہلے مریض کا رشتہ دار ہے اور اسے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔نیما کیمامبو نے کہا کہ وائرس کے علاقائی پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر معلومات کا شفاف تبادلہ، متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والوں کا سراغ لگانا، وبائی نگرانی، فوری تشخیص اور مریضوں کا مؤثر علاج ناگزیر ہے۔
افریقہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول کے ڈائریکٹر ویسام منکولا نے کہا کہ درست اور تصدیق شدہ معلومات کی فراہمی سے عوام میں حفاظتی رویوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور وائرس کی منتقلی کے سلسلے کو توڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔







