ریال میڈرڈ کے ونیسیئس جونیئر پر 4 میچوں کی پابندی، حریف کھلاڑی کے بال کھینچنے پر سرخ کارڈ

ریال میڈرڈ کے ونیسیئس جونیئر پر 4 میچوں کی پابندی، حریف کھلاڑی کے بال کھینچنے پر سرخ کارڈ

میڈرڈ ۔15اکتوبر (اے پی پی):ریال میڈرڈ کے برازیلین فارورڈ ونیسیئس جونیئر کو حریف کھلاڑی کے بال کھینچنے اور میچ کے دوران نامناسب رویے پر 4 میچوں کے لئے معطل کردیا گیا۔شنہوا کے مطابق ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کی تادیبی کمیٹی نے یہ پابندی ہفتے کو ویلریال کے خلاف ریال میڈرڈ کی 0-1 سے کامیابی کے دوران سرخ کارڈ ملنے کے بعد عائد کی۔

ونیسیئس کو 73ویں منٹ میں ریفری ایسیدرو ڈیاز دے میرا نے میدان سے باہر بھیج دیا تھا۔واقعے کے دوران ونیسیئس نے بظاہر گیند کو جال میں پہنچایا، تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے جائزے کے بعد گول مسترد کردیا گیا۔

بعد ازاں ونیسیئس کو ویلریال کے مڈفیلڈر نیتھن سلیبا کے بال کھینچنے پر سرخ کارڈ دکھایا گیا۔تادیبی کمیٹی نے گیند کے حصول کی کوشش کے دوران پیش آنے والے اس واقعے پر 2 میچوں کی پابندی عائد کی جبکہ ریفری کے سامنے احتجاج کے دوران جارحانہ رویے اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے روکنے کی ضرورت پیش آنے پر مزید 2 میچوں کی پابندی لگائی گئی۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ونیسیئس آئندہ ہفتے سیویلا کے خلاف ہوم میچ، بارسلونا کے خلاف سیزن کے پہلے ایل کلاسیکو اور ریسنگ سانتاندر اور ویلنشیا کے خلاف 2 بیرونِ ملک میچوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

مزید خبریں
سعودی ولی عہد سے عراقی وزیر اعظم کی ملاقات