ایتھوپین سفیر کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات،ایتھوپیا کی حکومت 2025 تک 50 ارب پودے لگانے کا ہدف رکھتی ہے،جمال بیکر

182

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر نے پاکستان اور ایتھوپیا میں شہری منصوبہ بندی کی مضبوطی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کے لئے شہر سے شہر روابط مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔

ایتھوپین سفیر جمال بیکر نے چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر)انوار الحق سے یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی امور پر گفتگو کی گئی اور دونوں ملکوں کے درمیان شہری ترقی کے فروغ کیلئےرابطے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران ایتھوپین سفیر نے چیئرمین سی ڈی اے کو ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کی جانب سے لئے گئے گرین لیگسی انیشیٹو کے بارے میں بریف کیا۔

جمال بیکر نے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ گزشتہ چار سال کے دوران ایتھوپیا نے 32 ارب سے زیادہ درختوں، پھلوں اور جانوروں کی کھاد کے لئے بیج لگائے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپیا کی حکومت 2025 تک 50 ارب پودے لگانے کا ہدف رکھتی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورت رکھنے کے لئے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جمال بیکر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے سی ڈی اے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے دونوں ملکوں کے حکام نے اسلام آباد اور عدیس ابابا کے درمیان رابطے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔