اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایجوکیشن پالیسی کا نیا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، تعلیم کے معاملے پر تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کے اجلاس میں کہی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر راحیلہ مگسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے ایجوکیشن پالیسی کا نیا فریم ورک ترتیب دے دیا ہے، یہ حکومت کی زمہ داری ہے، ہم صوبوں کو بھی ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 25 Aکی روشنی میں تعلیم کی زمہ داری وفاقی حکومت پر ہے۔ اس موقع پر قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن راحیلہ مگسی نے کہا کہ اس معاملے پر صوبوں کو ہر صورت اعتماد میں لیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے معاملے پر تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔ اجلاس میں ایریا سٹڈی سنٹر کا معاملہ کمیٹی میں زیر بحث آیا۔ سینیٹر مظفر حسین شاہ نے کہا کہ ایریا سٹڈی سنٹر وزارت تسلیم سے لیکر وزارت خارجہ کو دیا جائے، ایریا سٹڈی سنٹر میں کی گئی ترمیم کو واپس لیا جائے۔ اس معاملے پر وفاقی وزیر نے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایریا سٹڈی سنٹر کی فنڈنگ ایچ آئی سی کے ذریعے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ایچ آئی سی فنڈنگ کر رہا یے کارکردگی بہتر ہوئی ہے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کمیٹی نے معاملہ اگلے اجلاس تک موخر کردیا۔