ایرانی صدر کا وزیر اعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون، سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ہفتہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں مدد کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم نے سیلاب کی صورتحال پر صدر رئیسی کی ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا، اوراس بات پر زور دیا کہ پاکستان جون 2022 کے وسط سے مون سون کے شدید موسمی حالات کا سامنا کر رہا ہے، بہت سے علاقوں میں 4 سے 5گنا زائد بارشیں ہو ئی ہیں، شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ سڑکوں اور پلوں سمیت بنیادی ڈھانچے پر شدید اثرات سے انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے، جس سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور امداد کی ترسیل دونوں میں رکاوٹ ہے۔اس سلسلے میں حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے ایران کے صدر کو بتایا کہ پاکستان نے”اقوام متحدہ کے ذریعے فوری مدد کی اپیل” تیار کی ہے جو 30 اگست2022 کو شروع کی جائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری اس اپیل پر فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ دوطرفہ تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایران کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔