وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا کی پاکستان کی پہلی گرین جرنلزم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا کی پاکستان کی پہلی گرین جرنلزم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا نے پاکستان کی پہلی گرین جرنلزم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) ، یونیورسٹی انتظامیہ اور شعبہ ابلاغ عامہ کی فیکلٹی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ طلبا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کانفرنس نے ہمیں سیکھنے کا ایک منفرد تجربہ فراہم کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تقریب سے نہ صرف ماحولیاتی مسائل کے بارے میں ہمیں آگاہی حاصل ہوئی بلکہ ایونٹ مینجمنٹ اور پروفیشنل کمیونیکیشن کی عملی مہارتیں سیکھنے میں بھی مدد ملی ہے۔ طلبا نے وائس چانسلر کے بین الاقوامی تعلیمی روابط کے خصوصی اقدامات کو سراہا اور کانفرنس میں عالمی ماہرین کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری پورے ایونٹ میں بھرپور طور پر سرگرام عمل رہے اور کانفرنس کی کامیابی کو یقینی بنانے کےلئے انتھک محنت کی۔ طلبا نے کہا کہ باوقار تعلیمی کانفرنس کے انعقاد کا سہرا وائس چانسلر کی قیادت اور ویژن کے سر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس سے قومی سطح پر یونیورسٹی کی ساکھ میں اضافہ ہوا اور طلبا کو اپنی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کے اظہار کےلئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔

ماحولیاتی مسائل اور گرین جرنلزم پر تحقیقی پوسٹرز اور دستاویزی فلموں کے ذریعے طلبا اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے قابل ہوئے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ ، رکن قومی اسمبلی فرحان چشتی کی شرکت سے کانفرنس کی اہمیت مزید بڑھ گئی، طلبا نے معروف صحافیوں بشمول طلعت حسین، جاوید چوہدری ، اعزاز سید اور رئوف کلاسرا کے ساتھ تبادلہ خیال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمیں میڈیا کے پیشہ کے حوالے سے بہتر تفہیم حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔

طلبا نے کانفرنس کو کامیاب بنانے میں گرانقدر شراکت اور تعاون پر کامسٹیک انتظامیہ بالخصوص کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ڈاکٹر جاوید خورشید سے اظہار تشکر بھی کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبہ ماس کمیونیکیشن کے کوآرڈینیٹر اور کانفرنس کے سیکرٹری ڈاکٹر سکندر زرین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لگن ، تنظیمی مہارت سے کانفرنس کی سرگرمیوں کے موثر انتظامات ، میڈیا کوریج اور ریسرچ پوسٹرز کی تیاری میں مدد ملی ہے۔ طلبا نے مزید کہا کہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فیصل جاوید اور تمام فیکلٹی ممبران نے پورے پروگرام کے دوران ہماری بھرپور رہنمائی اور تعاون کیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔