گورنر خیبر پختونخوا کا ہلال احمر کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا دورہ

گورنر خیبر پختونخوا کا ہلال احمر کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا دورہ

مانسہرہ۔ 14 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر پاکستان خیبر پختونخوا برانچ کے زیر اہتمام مانسہرہ کے دورافتادہ علاقے لساں ٹھکرال میں فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے سینکڑوں مرد و خواتین مریضوں کا معائنہ کرنے اور مفت ادویات کی فراہمی پر ہلال احمر کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارے کے طور پر ہمیشہ ضرورت مندوں کی خدمت کےلیے کوشاں رہا ہے، دور افتادہ علاقوں تک طبی سہولیات کی فراہمی ہلال احمر کی اہم کامیابی ہے، لساں ٹھکرال جیسے دور دراز علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ عوام کے لیے بڑی سہولت ہیں، دیگر دور افتادہ علاقوں میں بھی مفت میڈیکل کیمپس کے انعقاد کو وسعت دی جائے گی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جلد دو اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے جن سے تھیلیسیمیا اور ڈائلیسز کے مریض مستفید ہوں گے، ہمارا مشن ضرورت مند عوام کو صحت سمیت ہر شعبے میں سہولیات اور خود انحصاری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہلال احمر نے مثالی اور قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، ہلال احمر نے متاثرینِ سیلاب کو امدادی سامان کے ساتھ نقد مالی معاونت بھی فراہم کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ سی این جی اور گندم کے مسائل پر صوبائی حکومت کے خطوط سے مسئلہ حل نہیں ہوا، وزیراعلیٰ نے صوبے کے مسائل کے حل کےلیے مل کر کام کرنے کی بات کی جس کا خیرمقدم کرتا ہوں، وفاق اور صوبہ مل کر کام کریں تو خیبر پختونخوا کے مسائل مؤثر انداز میں حل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سی این جی کا مسئلہ حل کیا، اس پر ان کا شکر گزار ہوں، بلوچستان کے بعد خیبر پختونخوا گیس اور تیل پیدا کرنے والا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں اور غیر قانونی وصولیوں کی شکایات وزیراعظم کے نوٹس میں لا چکا ہوں، صوبے کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کےلیے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔