وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں
ایران ، امریکا کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، وزیراعلیٰ سندھ

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 21 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون شریف کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے بھان سید آباد میں مختلف اہم امور پر گفتگو کی جبکہ علاقے کے مختلف مقامات پر جا کر سوگوار خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔ بھان سیدآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پریا کماری کیس کو وزیر داخلہ سندھ خود دیکھ رہے ہیں۔
سندھ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پٹرول کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔ سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے اس مسئلے پر بات کریں گے تاکہ صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے واہڑ میں اپنے والدین کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں انہوں نے جھانگارا میں مرحوم مشتاق چانڈیو کے انتقال پر ڈاکٹر اقبال چانڈیو اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم سید خیر علی شاہ کے فرزند سید اعجاز علی شاہ اور ان کے خاندان سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ بھان میں انہوں نے مرحوم منور کے لواحقین سے بھی تعزیت کی جبکہ محمد صالح پنہور کی وفات پر ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مخدوم ضمیر عباسی، سلیم باجاری، طارق باجاری، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ایس ایس پی محمد ظفر صدیق چھانگا سمیت علاقے کی دیگر معزز شخصیات بھی یہاں موجود تھیں۔







