ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (پاک ایگزم) نے ایس ایم ای برآمدات کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جو برآمدی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ای ڈی ایف اور پاک ایگزم کے درمیان ایس ایم ای برآمدات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (پاک ایگزم) نے ایس ایم ای برآمدات کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جو برآمدی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت متعدد ایسے اقدامات پر باہمی تعاون کو باضابطہ شکل دیتی ہے جن کا مقصد ایس ایم ای برآمد کنندگان کے لیے مالیاتی سہولیات اور خطرات سے تحفظ کے ذرائع تک رسائی کو بڑھانا ہے۔ اس شراکت داری کا مرکزی جزو ایک مشترکہ رسک پول کا قیام ہے، جس کے ذریعے پاک ایگزم کی ایکسپورٹ/ٹریڈ کریڈٹ انشورنس (ٹی سی آئی) مصنوعات کے ذریعے ایس ایم ای برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی تجارت سے وابستہ سیاسی اور تجارتی خطرات سے برآمد کنندگان کو تحفظ فراہم کرنا اور مالیاتی سہولیات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
تعاون کے دیگر شعبوں میں برآمدی مالیات کی معاونت کے لیے مشترکہ فنڈنگ کے انتظامات، ایس ایم ای برآمدی شعبے کو بینکوں کی قرضہ فراہمی میں اضافہ اور توسیع کے لیے کریڈٹ گارنٹی کی تیاری اور پاکستان کے وسیع تر ماحولیاتی اور تجارتی اہداف سے ہم آہنگ گرین اور پائیدار برآمدی اقدامات کا فروغ اور معاونت شامل ہیں۔دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اقدامات کو بروقت عملی شکل دی جائے گی۔ اس شراکت داری سے پاکستان کی برآمدی مسابقت کو مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی ہوتی ہے تاکہ ایس ایم ای برآمد کنندگان کو عالمی منڈی میں مؤثر مقابلے کے لیے درکار مالیاتی مصنوعات اور خطرات سے تحفظ کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
تقریب میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری تجارت جواد پال نے شرکت کی، جن کی موجودگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت پاکستان برآمدات کے فروغ اور برآمد کنندگان کی معاونت سے متعلق اقدامات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر وزیراعظم کے مشیر اور ای ڈی ایف بورڈ کے رکن ڈاکٹر محمد سعید اور پاک ایگزم کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر شہباز ایچ سید نے دستخط کیے۔ اس موقع پر سینئر سرکاری حکام، ای ڈی ایف بورڈ کے اراکین، تجارتی تنظیموں کے نمائندگان اور برآمدی برادری کے اراکین بھی موجود تھے۔








