ایران سے متعلق حالیہ سفارتی پیش رفت پوری دنیا کیلئے مثبت ثابت ہوگی، عالمی معیشت کو درپیش مشکلات میں بہتری متوقع ہے،وزیر مملکت طلال چوہدری

ایران سے متعلق حالیہ سفارتی پیش رفت پوری دنیا کیلئے مثبت ثابت ہوگی، عالمی معیشت کو درپیش مشکلات میں بہتری متوقع ہے،وزیر مملکت طلال چوہدری

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق حالیہ سفارتی پیش رفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے مثبت ثابت ہوگی جس سے جنگ کے خطرات میں کمی آئے گی اور عالمی معیشت کو درپیش مشکلات میں بھی بہتری متوقع ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کاہمسایہ اور برادر مسلم ملک ہے، دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور عالمی اقتصادی دھارے میں شمولیت سے پاکستان کو توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں نمایاں فوائد حاصل ہوں گے جس کا براہ راست اثر عام شہریوں تک پہنچے گا۔طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو عوامی فلاح میں تبدیل کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

وزیر خارجہ کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات پھیلانے والوں کو اپنے ذرائع پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں اور مستقبل قریب میں ان کے درست ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ماضی میں ہونے والے معاہدے کے 38 میں سے 37 نکات پر عملدرآمد کیا تاہم ایک نکتے کو بنیاد بنا کر غیر ضروری انتشار پیدا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کشمیری عوام کے حقوق کے نام پر اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جن کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو دشمن کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر سے متعلق تمام فیصلے جمہوری اور آئینی طریقہ کار کے تحت ہونے چاہئیں اور کشمیری عوام کے حقیقی مفادات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

مزید خبریں