آج کا دن پاکستان کی سفارت کاری، امن اور آنے والی نسلوں کیلئے تعمیری مصروفیات کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتا ہے، سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کا دن ایک تاریخی لمحہ ہے جس کی اہمیت موجودہ دور سے آگے بڑھے گی اور جو پاکستان کی سفارت کاری، امن اور آنے والی نسلوں کے لیے تعمیری مصروفیات کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتا ہے

لاہور۔18جون (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کا دن ایک تاریخی لمحہ ہے جس کی اہمیت موجودہ دور سے آگے بڑھے گی اور جو پاکستان کی سفارت کاری، امن اور آنے والی نسلوں کے لیے تعمیری مصروفیات کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات سے لے کر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے مسلسل بات چیت، تعاون اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا ہے، جس سے ایسی بنیادیں استوار ہوئی ہیں جنہیں آنے والی نسلیں بین الاقوامی امن اور افہام و تفہیم کے لیے اہم سنگ میل کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی وژنری قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پرعزم اور موثر قیادت میں پاکستان نے مکالمے، استحکام اور تعمیری بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے، جس کا مقصد موجودہ اور آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ نسل وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے اس یادگار لمحے کی گواہ ہے جسے فخر، تحسین اور عاجزی کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے بقول یہ پیش رفت سفارتی میدان میں پاکستان کی مثبت شراکت اور عالمی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے کردار کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت اور اس سے وابستہ پیش رفت کو آنے والی نسلیں اقوام عالم میں امن، استحام اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت کی ایک اہم مثال کے طور پر یاد رکھیں گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ محض ایک دستاویز پر دستخط نہیں بلکہ امن، مکالمے اور قیادت کے لیے پاکستان کی مستقل وابستگی کا اظہار ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے ایک قابلِ فخر ورثہ ثابت ہوگا۔

مزید خبریں