وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، قیمتوں کی نگرانی اور سپلائی چین مضبوط بنانے کی ہدایت

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، مارکیٹ میں رسد کے نظام اور قیمتوں میں استحکام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، مارکیٹ میں رسد کے نظام اور قیمتوں میں استحکام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی حکومت، صوبائی و علاقائی حکومتوں، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور خوراک کے معیار، قیمتوں کی نگرانی، مارکیٹ ریگولیشن اور معیار بندی سے متعلق اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، مہنگائی کے رجحانات، مارکیٹ کی صورتحال اور قیمتوں کی نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانے اور سپلائی چین کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان موثر رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ اور مارکیٹ کے ہموار نظام کے لیے قیمتوں کی نگرانی کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنایا جائے اور مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے تھوک اور پرچون مارکیٹوں کے درمیان فرق کم کرنے کے لیے سپلائی چین کے نظام کو بہتر بنانے اور صوبائی و علاقائی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف نگرانی اور موثر مارکیٹ مینجمنٹ کے ذریعے بہتر رسد کے فوائد براہ راست صارفین تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔احسن اقبال نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ گھی، کوکنگ آئل اور دودھ کے نمونوں کی جانچ اور تجزیے کا عمل تیز کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی اشیاء کے معیار کا جامع جائزہ جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے خوراک کے معیار اور شواہد پر مبنی فیصلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تکنیکی جائزوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت بھی کی۔وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ خوردنی تیل اور گھی بنانے والی صنعت سمیت دیگر صنعتی نمائندوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لے کر موثر ہم آہنگی کے ذریعے قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔پاکستان بیورو آف شماریات نے کمیٹی کو مہنگائی کے رجحانات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تبدیلی اور تھوک و پرچون قیمتوں کے فرق سے متعلق بریفنگ دی جبکہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے بتایا کہ کھاد سمیت زرعی ضروریات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔اجلاس میں گندم پالیسی کے تحت کسانوں کی معاونت، زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں سپلائی چین اور مارکیٹ انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے بڑے شہروں میں تھوک منڈیوں کے قیام اور موجودہ نظام کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قیمتوں میں استحکام، صارفین کے تحفظ اور متوازن معاشی ماحول کے لیے مربوط کوششیں، جدید مارکیٹ نظام اور موثر نگرانی ناگزیر ہیں۔اجلاس کے اختتام پر ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، مارکیٹ کی مسلسل نگرانی اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے فعال اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔