ایران میں سرکاری ٹی وی ہیک، انٹرنیٹ پابندی ختم کرنے پر غور

تہرا ن ۔20جنوری (اے پی پی):ایران کے ایک سینیئر رکنِ پارلیمان نے کہا ہے کی حکومت آئندہ چند دنوں میں ملک بھر میں عائد انٹرنیٹ پابندی ختم کرنے پر غور کر رہی ہے اور انٹرنیٹ بندش کو مرحلہ وار ختم کیا جا سکتا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کی شب حکومتی کنٹرول میں ایک اور کمزوری اس وقت سامنے آئی جب سرکاری ٹیلی وژن کو مبینہ …

تہرا ن ۔20جنوری (اے پی پی):ایران کے ایک سینیئر رکنِ پارلیمان نے کہا ہے کی حکومت آئندہ چند دنوں میں ملک بھر میں عائد انٹرنیٹ پابندی ختم کرنے پر غور کر رہی ہے اور انٹرنیٹ بندش کو مرحلہ وار ختم کیا جا سکتا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کی شب حکومتی کنٹرول میں ایک اور کمزوری اس وقت سامنے آئی جب سرکاری ٹیلی وژن کو مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا۔ چند لمحوں کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کے آخری شاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی کی تقاریر نشر ہوئیں جن میں عوام کو بغاوت پر ابھارا گیا۔

حکام اور سوشل میڈیا اطلاعات کے مطابق ایران کی سڑکیں گزشتہ ایک ہفتے سے نسبتاً خاموش ہیں۔ دسمبر کے آخر میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کو تین دن کے اندر شدید تشدد کے ذریعے دبا دیا گیا تھا۔ایک ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاکتوں کی تصدیق شدہ تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے، جن میں پانچ سو سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ مغربی ممالک میں قائم ایرانی انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق بھی ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔