وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاکستان میں موجود نایاب معدنیات (ریئر ارتھ منرلز) ملک کی طویل المدتی معاشی ترقی،استحکام اور خود مختاری کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں،اگر ان دونوں شعبوں پر موثر انداز میں کام کیا جائے تو پاکستان آنے والے برسوں میں مضبوط اقتصادی بنیادیں قائم کر سکتا ہے
ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور نایاب معدنی ذخائر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سیف الرحمان

مزید خبریں
لاہور۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاکستان میں موجود نایاب معدنیات (ریئر ارتھ منرلز) ملک کی طویل المدتی معاشی ترقی،استحکام اور خود مختاری کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں،اگر ان دونوں شعبوں پر موثر انداز میں کام کیا جائے تو پاکستان آنے والے برسوں میں مضبوط اقتصادی بنیادیں قائم کر سکتا ہے۔وہ اتوار کے روز یہاں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔سیف الرحمان نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے دیرینہ توانائی بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کو نسبتا کم قیمت قدرتی گیس حاصل ہو سکے گی جو بجلی گھروں،صنعتوں اور دیگر پیداواری شعبوں کو فراہم کی جا سکتی ہے،اس سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک میں جاری توانائی قلت پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سستی گیس کی فراہمی سے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا،بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی،صنعتوں کے اخراجات کم ہوں گے اور پیداواری صلاحیت بہتر ہوگی،اس کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بن سکیں گی جبکہ ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کے درآمدی تیل کے اخراجات سے نجات مل سکتی ہے۔سیف الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں موجود نایاب معدنی ذخائر بھی ملک کے لیے بڑی معاشی نعمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریئر ارتھ منرلز جدید ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، الیکٹرانکس، موبائل فونز، بیٹریز، الیکٹرک گاڑیوں، دفاعی صنعتوں اور جدید صنعتی آلات کی تیاری میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،دنیا بھر میں ان معدنیات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔وفد کے سربراہ حنیف احمد حنیف گجر نے کہا کہ گیس پائپ لائن اور معدنی وسائل کے شعبے پاکستان میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ،بیرونی سرمایہ کاری کو راغب اور خطے میں تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن ملک کو خطے میں ایک اہم توانائی راہداری کی حیثیت جبکہ معدنیات کا شعبہ پاکستان کو عالمی سپلائی چین کا حصہ بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر ان دونوں منصوبوں کو حکمت عملی اور متوازن سفارتی انداز کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تو یہ اقدامات پاکستان کو طویل عرصے تک معاشی فوائد فراہم کر سکتے ہیں اور ملک کی تزویراتی و اقتصادی حیثیت مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔








