ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کے زیر اہتمام 45 رکنی اکیڈمک وفد کی یوریشیا ہائیر ایجوکیشن سمٹ 2026 میں شرکت
ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کے زیر اہتمام 45 رکنی اکیڈمک وفد کی یوریشیا ہائیر ایجوکیشن سمٹ 2026 میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کے زیر اہتمام 45 رکنی اکیڈمک وفد نے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ یوریشیا ہائیر ایجوکیشن سمٹ 2026 میں شرکت کی اور پاکستان پویلین میں وطن عزیز کی پرائیویٹ سیکٹر جامعات نے اعلیٰ تعلیمی صلاحیت، تحقیقی معیار اور اختراعی نظام کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت ایپ سپ کے چیئرمین ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمان نے کی جبکہ ان کے ساتھ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمینز، صدور، وائس چانسلرز اور 17 ممتاز جامعات و اہم اداروں کے سینئر تعلیمی رہنما شامل تھے۔یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ 2026 میں61 ممالک اور 380 سے زائد جامعات نے شرکت کی۔
ایچ ای سی کمیشن ممبر و ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمان، ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے سمٹ کے افتتاحی اجلاس کے اپنے کلیدی خطاب میں اخلاقی اور ذمہ دار قیادت کی تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے "لیڈنگ ود کیریکٹر” کا تصور پیش کیا، جس میں اقدار پر مبنی تعلیمی نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔سمٹ میں دنیا بھر سے آنے والے وفود اور جامعاتی رہنماؤں نےمتعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے۔
سمٹ میں پاکستان سےشریک جامعات میں سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی آف سیالکوٹ، لاہور لیڈز یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، پریسٹن یونیورسٹی، سٹی یونیورسٹی، سیکوس یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ اور گفٹ یونیورسٹی شامل تھیں جبکہ پبلک سیکٹر سے اہم اداروں جن میں او آئی سی کامسٹیک، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، بحریہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے نمائندگان بھی شریک رہے ۔





