ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اہم پیش رفت

سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ سرکاری سطح پر بھی اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے۔ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کی اعلیٰ حکومتی حکام، متعلقہ اداروں اور اہم کاروباری نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری فراہم کی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع، منصوبوں اور کاروباری امکانات سے آگاہ کرنا اور ممکنہ سرمایہ کاری کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے براہِ راست روابط کو فروغ دینا تھا۔

سعودی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں توانائی، پٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز سمیت مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان شعبوں کو پاکستان کی اقتصادی ترقی، صنعتی توسیع، انفراسٹرکچر کی بہتری اور توانائی کے استحکام کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔مذاکرات کے دوران حکومت سے حکومت (G2G) اور کاروبار سے کاروبار (B2B) تعاون کے مختلف امکانات زیرِ غور آئے۔ اس حوالے سے سعودی سرمایہ کاروں اور پاکستانی حکومتی و نجی شعبے کے نمائندوں کے درمیان براہِ راست روابط کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس طرح سرمایہ کاری کے امکانات کو محض مذاکرات سے آگے بڑھا کر قابلِ عمل منصوبوں میں تبدیل کرنے کی بنیاد فراہم ہوتی ہے۔سعودی وفد کے دورے کی اہمیت اس لحاظ سے بھی نمایاں ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسیع کرنے کے لیے سرمایہ کاری پر مبنی تعاون کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔ پاک سعودی اقتصادی تعاون میں توانائی اور پٹرولیم کا شعبہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سعودی سرمایہ کاری کے لیے توانائی کے متعدد منصوبوں کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے جن میں ریفائنری، پٹرولیم انفراسٹرکچر اور متعلقہ منصوبے شامل ہیں۔

ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ براہِ راست روابط، شعبہ جاتی بریفنگز اور G2G و B2B مذاکرات کو ایک مربوط عمل کے تحت آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سے سرمایہ کاری کے فیصلوں میں تیزی، ادارہ جاتی رابطوں میں بہتری اور ممکنہ منصوبوں پر فالو اَپ کو مؤثر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔حالیہ ملاقاتوں کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ پاک سعودی اقتصادی تعاون کو صرف روایتی تجارت یا مالی تعاون تک محدود رکھنے کے بجائے مشترکہ سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کی سمت لے جانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔حکومتی اور نجی شعبے کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں موجود مواقع کا براہِ راست جائزہ لینے اور پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔سعودی کاروباری وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولنے، کاروباری روابط بڑھانے اور باہمی مفاد کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کے امکانات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ایس آئی ایف سی نے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے مسلسل سہولت کاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔مجموعی طور پر سعودی وفد کے دورے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت، صنعتی تعاون اور مشترکہ کاروباری منصوبوں پر مبنی طویل المدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ ایس آئی ایف سی اس عمل میں سرمایہ کاروں اور پاکستانی اداروں کے درمیان رابطے کے لیے مرکزی سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے۔