سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری اور پالیسی معاونت کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کے صنعتی شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ ایس آئی ایف سی نے صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور مقامی پیداوار میں اضافے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں صنعتی بحالی اور پیداواری شعبے میں نمایاں پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری اور پالیسی معاونت کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کے صنعتی شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ ایس آئی ایف سی نے صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور مقامی پیداوار میں اضافے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔
حکومتی کوششوں کے تحت نیشنل انڈسٹریل ریوائیول کمیشن کے ذریعے غیر فعال صنعتی یونٹس کو دوبارہ فعال بنانے اور انہیں پیداواری عمل میں شامل کرنے کی راہ ہموار کی گئی، جس سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ٹیرف اصلاحات، خام مال اور صنعتی مشینری تک آسان رسائی اور کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
ان اصلاحات کا مقصد صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے گوادر نارتھ فری زون میں پوٹاشیم سلفیٹ کھاد کا پہلا پیداواری یونٹ فعال ہو چکا ہے، جبکہ اس کی برآمدات کے لیے بھی ضروری منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ یہ پیش رفت زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافے کا سبب بنے گی۔اسی طرح سعودی سرمایہ کاری پر مبنی نیشنل سٹیل کمپلیکس، جو طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھا، ایس آئی ایف سی کی مؤثر مداخلت کے باعث بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
اس منصوبے کی بحالی سے اسٹیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ اور درآمدی انحصار میں کمی متوقع ہے۔صنعتی توسیع کے سلسلے میں ایس آئی ایف سی نے برسوں سے جاری ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ملک میں سات نئے سیمنٹ پلانٹس کی منظوری ممکن ہوئی۔ یہ منصوبے تعمیراتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے ۔ خوشاب میں سیفائر سوڈا ایش منصوبے کو درپیش پانی کی فراہمی کی اہم رکاوٹ بھی ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے دور کر دی گئی، جس سے اس اہم صنعتی منصوبے کی تکمیل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
طویل عرصے سے زیر التوا اقدام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ویئر ہاؤسنگ اور لاجسٹکس کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے سپلائی چین کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں صنعت، مقامی پیداوار، برآمدات اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو نئی توانائی ملی ہے، جبکہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے بھی مثبت بنیادیں فراہم ہوئی ہیں۔








