وفاقی وزیر داخلہ کا منصور ہ کا دورہ، امیر جماعت اسلامی سے ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد خطے کی …

لاہور۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس مفاہمت کو خطے کے استحکام اور پائیدار امن کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکا مذاکرات کی کامیابی اور اس سلسلے میں پاکستانی حکومت کی جانب سے کیے گئے بیک ڈور اقدامات پر امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تاریخی امن مشن کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اس تاریخی کامیابی پر پاکستان کے مخلصانہ اور سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کا سنگین معاملہ بھی وزیر داخلہ کے سامنے اٹھایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صومالیہ میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی فوری، بحفاظت اور باوقار بازیابی کے لیے اپنا مؤثر سفارتی کردار اور تمام تر وسائل بروئے کار لائے، جس پر وزیر داخلہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور پسے ہوئے طبقات کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں