نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی) نے 16تا20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے نے 16تا20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی) نے 16تا20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے3سے4ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے،این ڈ ی ایم اے ممکنہ موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے ،قبل از وقت موسمی جائزہ متعلقہ اداروں کے لیے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بر وقت تیاری یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے ۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں 16تا20جون کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا باعث بنے گا،اسلام آباد سمیت پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، تلہ گنگ،منڈی بہائوالدین،سرگودھا،گوجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،حافظ آباد،فصل آباد،سرگودھا،خوشاب، جھنگ، ڈیرہ غازی خان،قصور، اوکاڑہ،ساہیوال، بہالپور اوررحیم یار خان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں سکردو،دیامیر، استور، غزر، ہنزہ،گھانچے،شگر، نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ،باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر،سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان،چاسدہ،پشاور، کوہاٹ،پاراچنار، کرک، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیر ستان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب،شیرانی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، کوہلو، ہرنائی، سبی، بارکھان اور خضدارکے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔سندھ میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، شکار پور، شہید بینظیر آباد اور نواب شاہ کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں16تا 19جون کے دوران ممکنہ بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
تیزی سے پگھلتے گلیشئرزاور برفانی جھیلوں کے بند ٹوٹنے کے باعث پہاڑی علاقو ں سے آنے والے ندی نالوں میں پانی کے شدید بہاؤ کا خطرہ ہے۔گلیشائی جھیلوں کے سیلا ب کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا امکان ہے۔حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو، نگر، غزر، سکردو اور شگر کے علاقوں میں گلیشائی جھیلوں کے سیلاب /گلاف کا شدید خطرہ ہے۔بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ‘‘سے بروقت معلومات حاصل کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کےلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔








