پشاور پولیس کا محرم الحرام کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل

شاور پولیس نے محرم الحرام کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت 12 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):پشاور پولیس نے محرم الحرام کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت 12 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔پشاور پولیس، آر آر ایف، اے ٹی ایس، کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، ٹریفک پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ، ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور ڈی ایس بی کے اہلکار فرائض انجام دیں گے۔تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے مسلسل سویپنگ کی جائے گی۔براہ راست نگرانی کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ سیف سٹی پروجیکٹ کیساتھ ساتھ سپریم کمانڈ پوسٹ سمیت دیگر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم ہیں۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے امام بارگاہوں، جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور سخت بنایا گیا ہے۔امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، مذہبی رہنماؤں، تاجر برادری، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ متعدد رابطہ و مشاورتی اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔پشاور بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔سرائے، گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں میں مقیم افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال اور نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ماتمی جلوسوں کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر واقع عمارتوں پر خصوصی گن پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے مطابق گن پوسٹس، روف ٹاپس، انٹری پوائنٹس اور پلگنگ پوائنٹس پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حساس مقامات اور عبادت گاہوں پر سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔فول پروف سکیورٹی انتظامات کے تحت بکتر بند گاڑیاں حساس مقامات پر موجود رہیں گی۔محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔شہر میں داخل ہونے والے مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی نگرانی اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور محرم الحرام کے دوران امن، بین المسالک ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔