چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود دانش سکولز اتھارٹی کے رکن نامزد

وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کودانش سکولز اتھارٹی کا رکن نامزد کردیا گیا

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کودانش سکولز اتھارٹی کا رکن نامزد کردیا گیا۔وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے رانا مشہود احمد خاں کی دانش سکولز اتھارٹی میں شمولیت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔رانا مشہود احمد خاں کودانش سکولز اتھارٹی میں بطورکوآپٹڈ ممبر شامل کیا گیا ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اپنی نامزدگی پر رانا مشہود احمد خاں نے اظہارِ تشکر کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم کا اعتماد میرے لیے اعزاز اور ذمہ داری ہے،دانش سکولز کے وژن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کردار ادا کروں گا،معیاری تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ دانش سکولز اتھارٹی میں شمولیت نوجوانوں اور تعلیم کو شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گی، تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا قومی ترقی کی بنیاد ہے، مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔