محکمہ داخلہ پنجاب کی محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمدکی ہدایت

محکمہ داخلہ پنجاب نے عشرہ محرم الحرام کے دوران فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے انتظامی، پولیس حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال اور اشتعال انگیز تقاریر رکوانے کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔

فیصل آباد ۔ 16 جون (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے عشرہ محرم الحرام کے دوران فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے انتظامی، پولیس حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال اور اشتعال انگیز تقاریر رکوانے کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے تاکہ کسی مسلک کے افراد کی دل آزاری نہ ہو سکے جبکہ تما م ڈویژنل کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرزاور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز سمیت سی آئی ڈی حکام کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اولیا و بزرگوں کے مزارات، درباروں، مذہبی اجتماعات، دینی تہواروں، عرس و دیگر اجتماعات کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے پیشگی انتظامات یقینی بنائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

فیصل آبادڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام حکام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں شہریوں کے جان و مال، اہم مذہبی، سرکاری و پبلک مقامات، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی حفاظت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے بتا یاکہ محکمہ اوقاف کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اولیا و بزرگوں کے اہم درباروں اور مزارات پر سی سی ٹی وی کیمروں و دیگر حساس آلات کی تنصیب یقینی بنائیں تاکہ ان کی مانیٹرنگ کے ذریعے شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔