ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کی ہدایت پر یکم محرم الحرام سے اختتامی ایام تک ضلع بھر میں منعقد ہونے والے 297 جلوسوں اور 1478 مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
دریاخان، بھکر پولیس نے محرم الحرام میں سیکورٹی فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی پلان جاری کردیا

مزید خبریں
دریاخان۔ 16 جون (اے پی پی):ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کی ہدایت پر یکم محرم الحرام سے اختتامی ایام تک ضلع بھر میں منعقد ہونے والے 297 جلوسوں اور 1478 مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 1200 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 100 سے زائد ٹریفک پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایلیٹ فورس کی خصوصی ٹیمیں اور پیٹرولنگ یونٹس جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کے گرد مسلسل گشت پر مامور رہیں گے۔ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کی زیر نگرانی ایس پی انویسٹی گیشن شوکت علی ، تمام ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، انچارج چوکیات ودیگر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
ضلع بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔تمام جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور فزیکل سرچنگ کے ذریعے سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ لیڈی پولیس اہلکار خواتین کی چیکنگ کے فرائض سرانجام دیں گی جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام بھکر پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران و اہلکار ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی انتظامات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس حکام کو دیں۔بھکر پولیس محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عزاداران اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔







