محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان

کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد داؤد خان اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن نے منگل کے روز ضلع ٹانک کا دورہ کیا۔ڈی آئی خان پولیس تر جمان کے مطابق دورے میں ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان، ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد داؤد خان اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن نے منگل کے روز ضلع ٹانک کا دورہ کیا۔ڈی آئی خان پولیس تر جمان کے مطابق دورے میں ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان، ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پولیس لائنز ٹانک میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے مہمانوں کو سلامی پیش کی جبکہ یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پھول چڑھائے گئے اور شہداء کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔دورے کے دوران کمشنر اور آر پی او نے شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے، پولیس لائنز میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔

بعد ازاں پولیس لائنز ٹانک میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان نے ضلع کی سیکیورٹی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔دربار سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غلام مبشر میکن نے ٹانک پولیس کی دہشت گردی کے خلاف جرات، قربانیوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، تھریٹس کو سنجیدگی سے لیں اور دورانِ ڈیوٹی ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ماتحت اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔کمشنر ڈیرہ محمد داؤد خان نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے باہمی تعاون سے امن و امان کی صورتحال مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے ریڈ الرٹس اور سیکیورٹی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر آر پی او ڈیرہ، کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر ٹانک نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں جبکہ شہداء کے ورثاء، غازیوں اور پولیس کے کھلاڑیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں