ایس ای سی پی اور مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ کے درمیان نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کیلئے ایک ہی دن میں کارپوریٹ بینک اکائونٹ کھولنے کی سہولت کیلئے ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹلائزیشن اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ ایک اور تاریخی مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد محفوظ ڈیجیٹل انٹیگریشن کے ذریعے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے ایک ہی دن میں کارپوریٹ بینک اکائونٹ کھولنے کی سہولت …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹلائزیشن اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ ایک اور تاریخی مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد محفوظ ڈیجیٹل انٹیگریشن کے ذریعے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے ایک ہی دن میں کارپوریٹ بینک اکائونٹ کھولنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔یہ شراکت داری ایس ای سی پی کے حالیہ تعاون جو موبی لنک مائیکروفنانس بینک، ایزی پیسہ بینک اور رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک کے ساتھ ہوا تھا، پر مبنی ہے اور یہ پاکستان میں مکمل طور پر ڈیجیٹل اور سٹارٹ اپ کے لیے سازگار کاروباری ماحولیاتی نظام بنانے کی جانب ایک اور قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔ایس ای سی پی کے جاری ’’پیپر ٹو پلیٹ فارم‘‘ تبدیلی کے اقدام کے تحت دستخط کیے گئے اس ایم او یو کا مقصد نئی شامل کی گئی کمپنیوں کو رسمی مالیاتی چینلز تک فوری رسائی فراہم کرنا ہے۔

ایس ای سی پی کے ای زیڈ فائل (eZfile) سسٹم اور مشرق بینک کے آن بورڈنگ پلیٹ فارم کے درمیان انٹیگریشن ریئل ٹائم کارپوریٹ ڈیٹا ویریفکیشن کو فعال کرے گی جس سے اکائونٹ کھولنے کے عمل کو تیز، زیادہ شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔اس معاہدے پر کمشنر ایس ای سی پی مظفر احمد مرزا اور سی ای او مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ محمد ہمایوں سجاد نے چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اور دونوں تنظیموں کے سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں دستخط کیے۔ایس ای سی پی کے چیئرپرسن عاکف سعید نے سٹارٹ اپس کے لیے ہموار ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو فعال کرنے کے لیے ایس ای سی پی اور بینکاری شعبے کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داریاں کاروبار کرنے میں آسانی کو نمایاں طور پر بہتر بنائیں گی، مالی شمولیت کو فروغ دیں گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کریں گی۔

مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ کے نمائندے نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس میں متحدہ عرب امارات میں حکومتی/ریگولیٹری حکام کے ساتھ بینک کے تعاون کو اجاگر کیا گیا اور اپنائے گئے ڈیجیٹل بینکنگ فریم ورک اور علاقائی بہترین طریقوں پر بصیرت فراہم کی گئی۔ انہوں نے ایس ای سی پی کے اصلاحات پر مبنی نقطہ نظر کو مزید سراہا اور کہا کہ یہ تعاون کاروبار کی رسمی شکل دینے اور پاکستان میں کارپوریشن کی حمایت کرکے قومی ڈیجیٹائزیشن ایجنڈے کو مضبوط کرے گا۔

یہ نیا ایم او یو کارپوریٹ بینک اکائونٹ کھولنے کے لیے ایس ای سی پی کے معیاری بورڈ ریزولیوشن فریم ورک کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہے جو مالیاتی اداروں میں یکجہتی، شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بناتا ہے۔ ہر ایک مسلسل شراکت کے ساتھ ایس ای سی پی سٹارٹ اپس کو بااختیار بنانے، کارپوریٹ ڈیجیٹائزیشن میں تیزی لانے اور پاکستان میں کاروباری صلاحیت اور جدت طرازی کے لیے ایک سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے اپنی وابستگی کو مضبوط کر رہا ہے۔