بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع تہری گڑھوال میں ایک 18 سالہ دلت نوجوان کولاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے تشدد کا نشانہ بناکر قتل کر دیا گیاجس پر علاقے میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے
بھارت: دلت نوجوان کی تشدد سے موت، اہل خانہ کا آخری رسومات ادا کرنے سے انکار
نئی دہلی۔10جون (اے پی پی):بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع تہری گڑھوال میں ایک 18 سالہ دلت نوجوان کولاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے تشدد کا نشانہ بناکر قتل کر دیا گیاجس پر علاقے میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے جبکہ اہل خانہ اور گاوں والوں نے تمام حملہ آوروں کی گرفتاری تک آخری رسومات اداکرنے سے انکارکردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کیتن لال کو پرتاپ گڑھ بلاک کے گاوں کھول گڑھ میں ایک لڑکی نے بلایا جس سے وہ چھ ماہ سے رابطے میں تھا۔ اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ جب کیتن ایک دوست کے ساتھ وہاں پہنچا تو انہیں ایک کمرے میں بند کر دیا گیا اور لڑکی کے رشتہ داروں نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کیا۔مقتول کے والد دھن پال لال نے کہا کہ حملہ آوروں نے کیتن کے ہاتھوں اورپیروں کی انگلیوں کے ناخن نکالنے کی کوشش کی اور اس کے پاوں میں لوہے کے کیل ٹھونک دیے ۔انہوں نے کہاکہ اس کی کمر، سینے اور دیگر اعضاءپرگہرے زخم ہیں۔کیتن نے باراری ضلع اسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ مشتعل دیہاتیوں نے ہسپتال کے باہرمظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس تمام ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔









