ماہر امراض قلب ڈاکٹر عمیر اکرم نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جہاں مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں وہاں پر گرمی کی شدت دل کے مریضوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے
گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے بلڈ پریشر میں کمی بیشی ہارٹ اٹیک کا موجب بن سکتی ہے،ماہر امراض قلب ڈاکٹر عمیر اکرم
سیالکوٹ۔10جون (اے پی پی):ماہر امراض قلب ڈاکٹر عمیر اکرم نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جہاں مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں وہاں پر گرمی کی شدت دل کے مریضوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دل کے مریض پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے علاوہ وقتاً فوقتاً اپنا چیک اپ ہارٹ سپیشلسٹ سے ضرور کرواتے رہیں کیونکہ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے بلڈ پریشر میں کمی بیشی ہارٹ اٹیک کا موجب بن سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی دل کے مریضوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے اور ان حالات میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور غیر ضروری سرگرمیاں ترک کرکے دل کے مریض ہارٹ اٹیک سے بچ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عمیر اکرم نے مزید کہا کہ اس موسم میں شکنجین کا استعمال بہتر ہے کیونکہ یہ نمکیات کی کمی کو پورا کرتی ہے ، سادہ پانی جو بہت زیادہ ٹھنڈا نا ہو استعمال کرکے مریض مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ روزانہ واک، ہلکی پھلکی ورزش اور چکنائی والی خوراک سے پرہیز کریں تاکہ آپ کا دل بہتر انداز سے کام کرتا رہے۔









