ڈپٹی کمشنرساہیوال سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور جلوس ہائے عزاداری و مجالس کے لیے مؤثر اور مربوط انتظامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
محرم الحرام میں جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلئے مؤثر انتظامات حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنرساہیوال
چیچہ وطنی۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرساہیوال سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور جلوس ہائے عزاداری و مجالس کے لیے مؤثر اور مربوط انتظامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے جلوس ہائے عزاداری اور مجالس کے منتظمین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، اسسٹنٹ کمشنرز ماہم واحد اور جاوید ممتاز سمیت دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرسمیع اللہ فاروق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااور اس کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے جلوس ہائے عزاداری کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ مقررہ روٹس اور اوقات کی مکمل پابندی کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ تمام امور منظم اور پرامن انداز میں انجام دیے جا سکیں۔اس موقع پر اجلاس میں منتظمین کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں سٹریٹ لائٹس کی خرابی، سیوریج کے مسائل اور سڑکوں پر پیچ ورک کی ضرورت جیسے مسائل کی نشاندہی کی گئی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔ ضلع بھر کے مجالس و جلوس منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی.









