ایس ای سی پی کا یوم آزادی پر نوجوانوں اور جدت کے پیغام پر مبنی اے آئی سے تیار کردہ قومی نغمہ جاری

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی قومی نغمہ جاری کیا ہے جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری سوچ، جدت اور مالی خودمختاری کا پیغام دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی قومی نغمہ جاری کیا ہے جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری سوچ، جدت اور مالی خودمختاری کا پیغام دیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کی میڈیا ٹیم کی جانب سے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے ٹولز استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا یہ نغمہ ایک ایسے ترقی پسند پاکستان کا تصور پیش کرتا ہے جہاں نوجوان اپنے خیالات کو کاروبار میں تبدیل کریں، ٹیکنالوجی نئے مواقع پیدا کرے، سرمایہ کاری ترقی کو فروغ دے اور اجتماعی کوشش معیشت کو مضبوط بنائے۔نغمے کا بنیادی پیغام نوجوانوں کے لیے واضح ہے کہ مواقع کا انتظار نہ کریں، مواقع خود پیدا کریں۔

چھوٹے خیالات سے نئے کاروبار اور ٹیکنالوجی سے دنیا کی وسیع منڈیوں تک، یہ نغمہ نوجوان پاکستانیوں کو کاروباری افراد، جدت کاروں، سرمایہ کاروں اور تخلیق کاروں کے طور پر ملک کے معاشی مستقبل کی تشکیل کرتے دکھاتا ہے۔نغمے کا پیغام ایس ای سی پی کی ان کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے جن کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا، سرمائے تک رسائی آسان بنانا، سرمایہ کاری کے مواقع وسیع کرنا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے کارپوریٹ اور مالیاتی شعبوں تک رسائی بڑھانا ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ایسی نسل تشکیل دے گی جو اپنے خیالات، جدت اور کاروباری صلاحیتوں کے ذریعے نئے مواقع پیدا کرے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اور جدت کو سرمایہ کاری سے جوڑ کر ہم ایک مضبوط اور مالی طور پر خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ اے آئی سے تیار کردہ نغمے کے ذریعے ایس ای سی پی یوم آزادی پر ایک نوجوان، جدید، کاروباری اور اپنے مستقبل کی تشکیل کے لیے پرعزم پاکستان کا پیغام پیش کرتا ہے۔