ایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبرپختونخوامیں ثانوی حفظان صحت وصحت عامہ کے معیارمیں بہتری کیلئے 10 کروڑ ڈالرکے قرضہ کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبرپختونخوامیں ثانوی حفظان صحت وصحت عامہ کے معیارمیں بہتری کیلئے 10 کروڑ ڈالرکے قرضہ کی منظوری دیدی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری بیان کے مطابق اس پروگرام سے سیکینڈری اسپتالوں کے بنیادی ڈھانچہ اورآلات کی فراہمی کے زریعہ صحت کی خدمات میں بہتری وجدت لائی جائیگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی ومغربی ایشیا یوجینی زوکوف نے بتایا قبل ازیں کورونا وائرس نے نے صوبہ میں صحت کی خدمات پراضافی بوجھ ڈالا جبکہ اب سیلاب کی وجہ سے پانی سے پیداہونے والی بیماریوں کے خدشات بڑھ چکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پروگرام خیبرپختونخوا میں ثانوی ہسپتالوں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا علاوہ ازیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور متعدی بیماریوں کے پھیلاو¿ پر قابوپانے میں بھی مددملیگی ۔

وسطی اور مغربی ایشیا کیلئے بینک کے سینئر ہیلتھ اسپیشلسٹ نے بتایا کہ اس پروگرام سے 38 ملین افراد بالخصوص خواتین کو فائدہ پہنچے گا اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اورعلاقوں کی امدادکیلئے ایک جامع امدادی پیکج بھی تیارکررہاہے۔بینک نے امدادی اشیا اور خیموں کی فوری خریداری کے لیے 3 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری بھی دی ہے ۔