ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں اصلاحات، کوریج میں اضافہ اور مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد کسانوں، خواتین اور کم آمدن والے خاندانوں کو بہتر مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں اصلاحات، کوریج میں اضافہ اور مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد کسانوں، خواتین اور کم آمدن والے خاندانوں کو بہتر مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

پاکستان میں انشورنس کا حجم اس وقت مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے جبکہ نئی اصلاحات سے قدرتی آفات اور معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی اور انشورنس مارکیٹ کو جدید، شفاف اور مسابقتی نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔اے ڈی بی نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انشورنس خدمات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جدید انشورنس ماڈلز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انشورنس مصنوعات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

بینک کے مطابق موثر انشورنس نظام قدرتی آفات کے بعد حکومتی مالی بوجھ میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ اس پروگرام سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مجموعی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ طویل مدتی بچتوں کو انفراسٹرکچر اور بانڈ مارکیٹ میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ نجی پنشن سکیموں اور سالانہ پنشن نظام کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ ایک مضبوط اور جدید انشورنس نظام پاکستان کی مالی پائیداری، معاشی استحکام اور سماجی تحفظ کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

مزید خبریں