ہانگ کانگ ۔ 9 مارچ (اے پی پی) ایشین و آسٹریلین سٹاک مارکیٹس میں بڑے پیمانے پر مندی رہی جس کی وجہ کورونا وائرس کے باعث پیداواری و تجارتی سرگرمیوں میں کمی اور سعودی عرب کی جانب سے خام تیل کے نرخ کم کرنے کا اعلان ہے۔ٹوکیو کا نکی 225 انڈیکس پیر کو 1050.99 پوائنٹ (5.07 فیصد ) گر کر 19698.76 پوائنٹ جبکہ ٹاپکس انڈیکس 82.49 پوائنٹ (5.61 فیصد) کمی کے ساتھ 1388.97 پوائنٹ پر بند ہوا۔ آسٹریلین مارکیٹ میں بھی مندی کے باعث 7 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی۔سڈنی کا اے ایس ایکس 200 انڈیکس 455.60 پوائنٹ (7.33 فیصد) گر کر 5760.60 پوائنٹ جبکہ براڈر آل آرڈنریز انڈیکس 465.10 پوائنٹ (7.40 فیصد) کمی کے ساتھ 5822.40 پوائنٹ پر بند ہوا۔ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس وقفے پر 916.12 پوائنٹ (3.50 فیصد ) گر کر 25230.55 پوائنٹ رہا۔چین کا شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 73.22 پوائنٹ (2.41 فیصد) کم ہوکر 2961.29 پوائنٹ جبکہ شینزن کمپوزٹ انڈیکس 46.46 پوائنٹ (2.43 فیصد ) کمی کے ساتھ 1868.71 پوائنٹ رہا۔خلیجی عرب ملکوں میں بھی پیر کو خام تیل کے نرخ کریش کرنے سے مندی کی صورتحال رہی۔کویت کا پریمیئر انڈیکس 9.5 فیصد گرنے پر تجارتی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔دبئی کی فنانشل مارکیٹ 9 فیصد جبکہ ابوظہبی سیکورٹیز ایکسچینج میں 7.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔دیگر علاقائی سٹاک مارکیٹس میں منیلا 5 فیصد ، ممبئی، تائپے، سنگاپور، سیﺅل، جکارتا اور ولنگٹن مارکیٹس میں 3 فیصد اور بنکاک سٹاک مارکیٹ میں 6.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔