ایف آئی اے لاہور کی کارروائی، افغان شہریوں کو غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا کے دو اہلکار گرفتار
ایف آئی اے لاہور کی کارروائی، افغان شہریوں کو غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا کے دو اہلکار گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):ایف آئی اے لاہور زون نے کرپٹ نادرا اہلکاروں اور ایجنٹس کے گٹھ جوڑ کے ذریعے افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے دو نادرا اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کارروائی کے دوران نادرا کے سینئر ایگزیکٹو محمد عمران اللہ کو ارفع کریم ٹاور لاہور میں قائم خدمت مرکز سے گرفتار کیا جبکہ نادرا میگا سینٹر شملہ پہاڑی کے ڈیٹا انٹری آپریٹر ثاقب زاہد ملک کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اس معاملے میں ایجنٹس اور نادرا اہلکاروں کے درمیان گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔
گرفتار نادرا اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایجنٹس سے رشوت وصول کرکے افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیے ۔ایف آئی اے نے اس سے قبل اس نیٹ ورک میں ملوث ایجنٹس رانا محمد اکرام اور محمد شاہد کو بھی گرفتار کیا تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ غیر قانونی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی اور نیٹ ورک کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔







