یو ای ٹی لاہور میں انوویشن سینٹر و سافٹ ویئر پارک قائم کرنے کا منصوبہ،نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،پلاننگ کمیشن
یو ای ٹی لاہور میں انوویشن سینٹر و سافٹ ویئر پارک قائم کرنے کا منصوبہ،نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،پلاننگ کمیشن

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):حکومت پاکستان نے ملک میں علم پر مبنی معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے سب کیمپس میں انوویشن سینٹر اور سافٹ ویئر پارک کے قیام کا منصوبہ شروع کیا ہے جس پر مجموعی طور پر 6,897.290 ملین روپے لاگت آئے گی۔
پلاننگ کمیشن کے مطابق یہ منصوبہ جامعات، تحقیقی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور تحقیق کو عملی جدت اور کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔منصوبے کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی استعداد بڑھانے اور تحقیق و جدت کے ذریعے معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ منصوبہ قومی ترقیاتی پروگرام اڑان پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان (ای پاکستان)ستون سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت ملک کو ڈیجیٹل معیشت میں آگے بڑھانے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مواقع فراہم کرنے اور مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیاری و ترقی کی حوصلہ افزائی پر توجہ دی جا رہی ہے۔منصوبے کے ذریعے پاکستان کو محض ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ملک کے بجائے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراعات تخلیق کرنے والے ملک کے طور پر آگے بڑھانے کے وژن کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔







