ایف آئی اے نے ویزا فراڈ کے ملزم سے 20 لاکھ روپے برآمد کرکے شکایت کنندہ کے حوالے کر دیئے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسلام آباد زون نے ویزا فراڈ کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم سے 20 لاکھ روپے نقد برآمد کرکے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مکمل رقم شکایت کنندہ کے حوالے کر دی

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسلام آباد زون نے ویزا فراڈ کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم سے 20 لاکھ روپے نقد برآمد کرکے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مکمل رقم شکایت کنندہ کے حوالے کر دی۔اتوار کو ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ یہ رقم ویزا فراڈ کے مقدمے کی تفتیش کے دوران برآمد کی گئی جسے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد متاثرہ شکایت کنندہ کو واپس کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف آئی اے نہ صرف ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے پُرعزم ہے بلکہ متاثرین کے حقوق اور ان کے مالی مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔سرکاری اہلکار کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے اسلام آباد زون شہریوں کے حقوق کے تحفظ، ویزا فراڈ کے خاتمے اور دیگر مالی جرائم کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کے ذریعے قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔