ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی اہم کامیابی ، میسرز زبیر فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے 22 کروڑ روپے کے ڈیفالٹڈ بینک قرض کی مکمل وصولی

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر 98/2025 کے تحت میسرز زبیر فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے 22 کروڑ روپے کے ڈیفالٹڈ بینک قرض کی مکمل وصولی کر لی۔

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر 98/2025 کے تحت میسرز زبیر فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے 22 کروڑ روپے کے ڈیفالٹڈ بینک قرض کی مکمل وصولی کر لی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ انکوائری حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ کے قرض کی عدم ادائیگی کے حوالے سے سلمان عارف کی شکایت پر شروع کی گئی تھی۔ انکوائری افسر سب انسپکٹر کاشف محمود نے معاملے کو پیشہ ورانہ مہارت سے آگے بڑھایا جس کے نتیجے میں قرض دار نے تمام واجب الادا رقم ادا کر دی۔حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ نے باقاعدہ طور پر تصدیق کی ہے کہ قرض مکمل طور پر ادا کر دیا گیا ہے اور کوئی رقم واجب الادا نہیں رہی۔یہ کامیابی بینکاری شعبے کی سالمیت کے تحفظ اور مالیاتی معاملات میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے کے عزم کا مظہر ہے۔