ڈویژنل ہینڈبال ایسوسی ایشن سرگودھا کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے تعاون سے انٹر ڈسٹرکٹ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے شاندار اورسنسنی خیز مقابلے اسپورٹس جمنازیم سرگودھا میں منعقد ہوئے۔ چیمپئن شپ میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کی ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا
ڈویژنل ہینڈبال ایسوسی ایشن اورسپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیرِ اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ ہینڈ بال چیمپئن شپ کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا۔ 25 جولائی (اے پی پی):ڈویژنل ہینڈبال ایسوسی ایشن سرگودھا کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے تعاون سے انٹر ڈسٹرکٹ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے شاندار اورسنسنی خیز مقابلے اسپورٹس جمنازیم سرگودھا میں منعقد ہوئے۔ چیمپئن شپ میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کی ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور تھیں، جنہوں نے کھلاڑیوں سے تعارف کیا اور انہیں بہترین کھیل پیش کرنے کی تلقین کی۔ چیمپئن شپ کا فائنل مقابلہ سرگودھا اور بھکر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا، تاہم سرگودھا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20-13 کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کر کے انٹر ڈسٹرکٹ ہینڈبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سرگودھا ٹریول اینڈ ٹور ایسوسی ایشن ،ڈاریکٹر دنیا ایوی ایشن پرائیویٹ لمٹڈ ملک عمر فاروق تھے جبکہ ان کے ہمراہ حزب اللہ خان خٹک بھی موجود تھے۔ مہمانانِ خصوصی کا ڈویژنل ہینڈبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری آصف حیات بلوچ نے استقبال کیا۔ مہمانانِ خصوصی نے فاتح اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ملک عمر فاروق نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی تشکیل اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ڈویژنل ہینڈبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری آصف حیات بلوچ نے اپنے خطاب میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھرپور تعاون سے یہ ٹورنامنٹ کامیابی سے منعقد ہوا۔ انہوں نے تمام مہمانوں، ٹیموں، آفیشلز اور شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے معیاری ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔







