ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلر گرفتار، 132ملین روپے ویزہ فراڈ بے نقاب

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک بدنام زمانہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے جو کروڑوں روپے کے ویزہ فراڈ اور جعلی غیر ملکی روزگار اسکیموں میں ملوث تھا۔ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ملزم رضوان عرف شاہ کو ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار کی ہدایت …

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک بدنام زمانہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے جو کروڑوں روپے کے ویزہ فراڈ اور جعلی غیر ملکی روزگار اسکیموں میں ملوث تھا۔ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ملزم رضوان عرف شاہ کو ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا۔

اہلکار کے مطابق ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور وہ شہریوں کو کینیڈا میں پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر رقم بٹور رہا تھا۔ انہوں نے اسلام آباد میں مہربان انٹرپرائز کے نام سے ایک جعلی کمپنی قائم کر رکھی تھی جس کے ذریعے اس نے کروڑوں روپے اکٹھے کیے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ صرف ایک کیس میں ہی رضوان نے ایک شکایت کنندہ کو بیرون ملک جعلی نوکریاں دینے کے وعدے پر ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔

گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے متعدد جعلی دستاویزات اور پاسپورٹ برآمد کیے گئے۔ایف آئی اے کے اہلکار نے بتایا کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں گی جب تک کہ تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا جائے۔