اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایف ایٹ انڈر پاس 25 دسمبرعام ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا، انٹرچینج کا مکمل ہونے کے بعد فروری کے دوسرے ہفتے میں افتتاح کیا جائے گا۔ بدھ کو وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج اور سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کیا۔
انہوں نے انڈر پاس کو صرف 43 دن میں مکمل کرنے پر کنٹریکٹر اور اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج میں شامل انڈر پاس 25 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج کا مکمل افتتاح کیا جائے گا۔ سرینہ چوک انٹرچینج کا جنوری کے پہلے ہفتے میں افتتاح کیا جائے گا جو صرف 60 دن میں مکمل ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دونوں میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبوں کے انڈر پاسز اور فلائی اوور کی تعمیر کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دونوں منصوبوں کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی دونوں منصوبوں کی سائٹس پر کام کرنے والے ورکرز سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ورکرز کو شاباش دی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی تمام ورکرز،کنٹریکٹر اور سی ڈی اے کو اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔
چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے دونوں پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد۔ سی ڈی اے کے سینئر افسران اور کنٹریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔