ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے ماہ کے محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا

163
FBR
FBR

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2024 کے لئے مقرر کردہ محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا ہے۔، جولائی کے مہینے میں 656 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 659.2 ارب روپے کے خالص محصولات جمع کئے گئے ہیں جبکہ اس عرصہ کے دوران 77.9 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کئے گئے۔

ایف بی آر کی جانب سے بدھ کویہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جولائی 2024 میں انکم ٹیکس کی مد میں 300.2 ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 307.9 ارب روپے،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 37.4 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 91.7 ارب روپے جمع کئے گئے ہیں۔

ایف بی آر نے ملک کو درپیش تما م تر معاشی مشکلات کے باوجود مالی سال 2024-25 کے لئے کامیاب آغاز کرتے ہوئے ماہانہ ہدف حاصل کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایف بی آر کی کارکردگی رواں مالی سال کے لئے محصولات کے تفویض کردہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ریونیو ڈویژن کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔