ایف جی ای ایچ اے کی کمرشل پلاٹس کی نیلامی، پہلے روز 15 پلاٹس 10 ارب روپے سے زائد میں فروخت

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے سیکٹرز جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کے پہلے روز 15 پلاٹس فروخت ہوئے جن سے مجموعی طور پر 10 ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی۔نیلامی کا آغاز منگل کو اسلام آباد میں ہوا جو 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے سیکٹرز جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کے پہلے روز 15 پلاٹس فروخت ہوئے جن سے مجموعی طور پر 10 ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی۔نیلامی کا آغاز منگل کو اسلام آباد میں ہوا جو 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔ نیلامی میں جی-14 مرکز، جی-14/2، جی-14/3، جی-14/4 اور جی-13 کے مختلف کمرشل پلاٹس پیش کیے جا رہے ہیں۔نیلامی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے شرکت کی اور کمرشل پلاٹس کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ جی-13 اور جی-14 اسلام آباد کے اہم اور تیزی سے ترقی کرنے والے سیکٹرز میں شامل ہیں جہاں کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے امکانات موجود ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال نے کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف نیلامی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس اسلام آباد کے اہم علاقوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ اتھارٹی سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ایف جی ای ایچ اے نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور مسائل کے فوری ازالے کے لیے انویسٹر فیسلیٹیشن سیل بھی قائم کیا ہے جس کی نگرانی ڈائریکٹر سٹاف کریں گے۔ سیل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک مرکزی رابطہ فراہم کیا جائے گا جہاں ان کے مسائل اور درخواستیں متعلقہ شعبوں تک پہنچانے اور ان پر کارروائی کی نگرانی کی جائے گی۔اتھارٹی کے مطابق انویسٹر فیسلیٹیشن سیل کا مقصد سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر تیز رفتار اور سہل خدمات فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا ہے.