وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر G-13/1 میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )کے زیرِ انتظام سرکاری ملازمین کے لئے تعمیر کئے جانے والے فلیٹس کے منصوبے کے الاٹیوں نے منصوبے کی جلد تکمیل اور قبضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے
ایف جی ای ایچ اے کے جی 13 اپارٹمنٹس منصوبے پر پیشرفت، رواں ماہ تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہونے کا امکان

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر G-13/1 میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )کے زیرِ انتظام سرکاری ملازمین کے لئے تعمیر کئے جانے والے فلیٹس کے منصوبے کے الاٹیوں نے منصوبے کی جلد تکمیل اور قبضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ منصوبے پر آئندہ بورڈ میٹنگ کی منظوری کے بعد رواں ماہ کے آخر یا اگست کے اوائل میں تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سٹاف فیض عمر نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ سیکٹر G-13 میں رہائشی اپارٹمنٹس کے دو منصوبے زیرِ تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہائٹس اپارٹمنٹ منصوبے پر 7 جولائی سے تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوگا اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ G-13/1 میں رہائشی اپارٹمنٹس کا دوسرا منصوبہ جو پہلے M/s EHFPRO (Private) Limited کے ذمہ تھا، اس حوالے سے بھی تمام ضروری اقدامات آخری مراحل میں ہیں۔ ان کے مطابق ہاؤسنگ اتھارٹی کی آئندہ بورڈ میٹنگ میں باضابطہ منظوری کے بعد اس منصوبے پر رواں ماہ کے آخر یا اگست کے اوائل میں تعمیراتی کام دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔دوسری جانب منصوبے کے الاٹیوں نے طویل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد جلد از جلد فلیٹس کا قبضہ الاٹیوں کے حوالے کیا جائے۔ الاٹیوں کے مطابق G-13/1 فلیٹس منصوبہ سال 2016 میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے M/s EHFPRO (Private) Limited کے اشتراک سے شروع کیا تھا۔ منصوبے کی تکمیل چند برس میں متوقع تھی، تاہم یہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔انہوں نے بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق منصوبے کا تقریباً 50 سے 60 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ بیشتر الاٹی اپنی مقررہ اقساط اور دیگر واجبات بھی ادا کر چکے ہیں، ان کے بقول منصوبے میں تاخیر کے باعث متعدد حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین بدستور کرائے کے گھروں میں رہائش پذیر ہیں جس سے انہیں اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔الاٹیوں کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک سال قبل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے منصوبے کا انتظام اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا، تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام میں مطلوبہ رفتار نہیں آ سکی۔ انہوں نے اعلیٰ حکام اور ہاؤسنگ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ الاٹیوں کو ان کی مستقل رہائش فراہم کی جا سکے۔الاٹیوں کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل سے نہ صرف ہزاروں سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو ریلیف ملے گا بلکہ سرکاری رہائشی منصوبوں پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا








