ایف ڈی اے کے تمام ملازمین کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ڈی جی ایف ڈی اے

ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے ورک مین سٹاف سمیت تمام ملازمین کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

فیصل آباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے ورک مین سٹاف سمیت تمام ملازمین کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر یونین کے صدر صداقت بلوچ، جنرل سیکرٹری منیب ریاض، چیئرمین شیخ عمران سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ورک مین ملازمین کے مسائل اور شکایات سنیں اور بعض اہم مسائل کے فوری حل کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ملازمین کی سروس سے متعلق تمام معاملات قوانین، سروس رولز اور قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹائے جائیں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی اور بہتر کارکردگی ملازمین کی فلاح و بہبود سے جڑی ہوئی ہے، اسی لیے ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ادارے میں ایسا خوشگوار اور منصفانہ ماحول فراہم کرنا ہے جہاں ہر ملازم خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیے جائیں گے، جبکہ ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور فلاح و بہبود کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے ایک مضبوط اور خدمت گزار ادارہ ہے، جس کی کامیابی ملازمین کی محنت اور لگن سے وابستہ ہے۔ انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان باہمی اعتماد، مشاورت اور تعاون کو مزید فروغ دے کر عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر انقلابی ورکرز یونین کے صدر صداقت بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ورک مین ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور فوری اقدامات کا اعلان کر کے ملازمین کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔جنرل سیکرٹری منیب ریاض نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ڈی جی ایف ڈی اے کا مثبت اور تعمیری رویہ قابل تحسین ہے، جس سے ورک مین ملازمین کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔چیئرمین شیخ عمران نے کہا کہ یونین انتظامیہ کے ساتھ باہمی تعاون اور خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے اور ادارے کی بہتری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں انتظامیہ اور یونین کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور ملازمین کے جائز مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔